کراچی :دہشتگردوں نے سینٹرل جیل میں موبائل جیمرز کا توڑ نکال لیا

کراچی :دہشتگردوں نے سینٹرل جیل میں موبائل جیمرز کا توڑ نکال لیا
کراچی (دنیا نیوز ) کراچی میں دہشت گردوں نے سینٹرل جیل میں لگے موبائل فون جیمرز کا توڑ نکال لیا ، خواجہ اجمیر نگری سے گرفتار بھتہ خور وقاص نے جیمرز کے توڑ کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کے کراچی سینٹرل جیل سے جرائم کے نیٹ ورک چلانے کے انکشافات کے بعد سینٹرل جیل میں ایک سال قبل موبائل فون جیمر لگائے گئے ۔ جیمرز لگنے کے بعد جہاں سینٹرل جیل سے جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہوا وہیں جیل سے ملحقہ آبادی کے مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ لیکن حال میں خواجہ اجمیر نگری سے گرفتار ملزم وقاص نے سینٹرل جیل میں لگے موبائل فون جیمرز کے توڑ کا انکشاف کر کے انتظامیہ کے ہوش اڑا دئیے ۔ ملزم وقاص کا کہنا ہے کہ جیل میں ٹیوب لائٹ اور سلور پلیٹ کے ذریعے موبائل فون جیمر ناکارہ بنایا جاتا ہے ، ٹیوب لائٹ اور سلور پلیٹ میں کرنٹ پاس کرنے سے الیکٹرو میگنیٹک ویوزپیدا کی جاتی ہیں، جس سے موبائل فون جیمرز وقتی طور پر ناکارہ ہو جاتے ہیں ۔ ملزم کا کہنا ہے کہ موبائل فون کے ذریعے جیل سے دیگر ملزموں کو ہدایات دی جاتی ہیں ۔ جیل سے فیصل گنڈیری نامی شخص نیٹ ورک چلا رہا ہے ۔ جیل میں موبائل فون کی فراہمی کے لئے پولیس اہلکار 4 ہزار روپے لیتے ہیں ، سینٹرل جیل میں پولیس اور رینجرز آپریشن کے حوالے سے پولیس اہلکار اطلاع دے دیتے ہیں جس پر تمام افراد اپنے موبائل فونز چھپا دیتے ہیں ۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل میں جمیرز ناکارہ کرنے کے حوالے سے اطلاعات ملی ہیں ، سینٹرل جیل انتظامیہ سے رابطہ کر کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے 8 ساتھی اب بھی شہر میں وارداتیں کررہے ہیں ، گرفتار ملزم کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ۔