متحدہ رہنمائوں کا بھارت سے فنڈ لینے کا اعتراف، دنیا نیوز نے دستاویز کا صفحہ حاصل کرلیا

Published On 01 Jul 2015 10:13 AM 

لندن (دنیا نیوز) متحدہ کے رہنما محمد انور اور طارق میر نے بھارت سے فنڈز لینے کا اعتراف کیا ، لندن پولیس کی نئی دستاویز منظر عام پر آگئی ، سرفراز مرچنٹ سے منی لانڈرنگ کی تفتیش کے لیے تیار دستاویز کا ایک صفحہ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔

سنٹرل لندن کی بیل گریویا پولیس نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے متحدہ کے کارکن سرفراز مرچنٹ سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے 15 اپریل 2015 کو تفتیش کی جس کیلئے ایک پری انٹرویو بریفنگ تیار کی گئی ۔ اس دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور اور طارق میر سے 2012ء میں الگ الگ تفتیش کی تھی جس میں دونوں نے بیان دیا کہ ایم کیو ایم بھارت سے فنڈ لیتی رہی ہے اور بعض غیرقانونی ذرائع سے بھی رقوم اکٹھی کی گئیں ۔
 
اس دستاویز میں بتایا گیا کہ سرفراز مرچنٹ کو 5 دسمبر 2013 کو منی لانڈرنگ کی تفتیش کیلئے گرفتار کیا گیا جس میں اس سے متحدہ کے فنڈز کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی ، دستاویز میں کہا گیا کہ ایک چھاپے کے دوران ایم کیو ایم کے زیر استعمال عمارت سے بڑی تعداد میں نقدی تحویل میں لی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کے بھی شواہد ملے کہ متحدہ نے پاکستان میں انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کیں۔
 
2012 ء میں محمد انور اور طارق میر سے انٹرویو کئے گئے جس میں دونوں نے اعتراف کیا کہ بھارتی حکومت سے ایم کیو ایم فنڈز وصول کرتی رہی ہے۔