معروف اداکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی انتقال کر گئے

Published On 17 Dec 2015 08:42 PM 

الف نون کا الن بھی ننھےکے پاس چلا گیا، معروف ٹی وی فنکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی انتقال کر گئے۔

لاہور: (دنیا نیوز) پچاسی سال کی عمر میں اجل کو لبیک کہنے والے کمال احمد رضوی طویل عرصے سے علیل تھے، شہرہ آفاق ٹی وی سیریل الف ن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے کمال احمد رضوی یکم مئی انیس سو تیس کو بھارتی ریاست بہار کے "گیا" نامی قصبے میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی منتقل ہو گئے، کچھ عرصے بعد لاہور میں سکونت اختیار کی۔ انیس سو اٹھاون میں تھیئٹر سے کیریئر کا آغاز کرنے والے کمال احمد رضوی نے لاہور ٹیلی ویژن کے قیام کے بعد پہلی بار الف نون شروع کیا، جس میں انہوں نے الن کا کردار نبھایا جبکہ رفیع خاور، ننھے کے روپ میں سامنے آئے اور دونوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا خوب منوایا۔ ہلکے پھلکے انداز میں معاشرتی مسائل کی نشاندہی کرتا الف نون اس قدر مقبول ہوا کہ دونوں فنکاروں کے کردار ہی ان کی پہچان بن گئے۔ کمال احمد رضوی نے دیگر بے شمار ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا خوب منوایا۔ وزیر اعظم پاکستان نے کمال احمد رضوی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی وفات سے قوم ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔