ایران سعودیہ تناؤ، پاکستان ثالثی کیلئے میدان میں آ گیا

ایران سعودیہ تناؤ، پاکستان ثالثی کیلئے میدان میں آ گیا

 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب ، ایران کشیدگی کے پس منظر میں خطے میں پیدا ہونے والی آتش فشانی صورت حال سے بچنے اور دونوں اسلامی ممالک کے درمیان پیدا غلط فہمیوں کے باوقار حل کے لئے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف دونوں برادر ملکوں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف سعودی قیادت کو یقین دلائیں گے کہ اگر سعودی عرب کی سالمیت کو کوئی خطرہ ہوا تو پاکستان اپنے قابل اعتماد دوست سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم سعودی عرب کے دورے کے بعد ایران بھی جائیں گے اور ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر حمایت حاصل کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ حکومت پاکستان اور اس کے ذمہ داران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مثبت اور متوازن کردار ادا کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان شیعہ عالم دین شیخ نمر باقر النمر کا سر قلم کے جانے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں۔