'غیرت کے نام پر قتل، اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مضامین شامل نصاب کئے جائیں'

Published On 22 Jun 2016 06:11 PM 

خیبر پختونخوا پولیس نے صوبائی حکومت سے غیرت کے نام پر قتل، اقلیتوں کے حقوق اور دہشتگردی کے حوالے سے مضامین نصاب میں شامل کرنے کی درخواست کر دی۔ آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کہتے ہیں بچوں کو ابتداء ہی سے دہشتگردی اور جرائم کے نقصانات سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

پشاور: (دنیا نیوز) دہشتگردی، غیرت کے نام پر قتل اور اقلیتوں کے ساتھ عدم مساوات ایسے مسائل ہیں جنہوں نے ہمارے معاشرے میں شدید بگاڑ پیدا کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے اب ان معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس سربراہ کی جانب سے صوبائی حکومت کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل، اقلیتوں کے حقوق اور دہشتگردی کے مضمرات کے حوالے سے مضامین نصاب میں شامل کئے جائیں۔

پولیس حکام کی جانب سے نصاب تعلیم میں سکیورٹی کے حوالے سے مضامین بھی شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ آئی جی پولیس کے مطابق اگر بچوں کو ان برائیوں سے متعلق ابتداء ہی سے آگاہ کر دیا جائے تو نہ صرف دہشتگردی سے نمٹا جا سکتا ہے بلکہ بہت سی معاشرتی برائیوں کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔