سندھ اور بلوچستان کے دوردراز علاقوں کے لوگوں کے لئے اچھی خبر، تین برس کے تعطل کے بعد ایدھی ایئر ایمبولینس سروس بحال ہونے جا رہی ہے جس کے بعد قدرتی آفات، حادثات اور دشوارگزار علاقوں کے بیماروں کو فوری طبی امداد مل سکے گی۔
کراچی: (دنیا نیوز) دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کا قیمتی جانیں بچانے کا مشن جاری ہے۔ خدمت کے مشن کے ساتھ ایدھی فاؤنڈیشن اب سڑکوں پر ہی نہیں فضاؤں میں بھی عبدالستار ایدھی کا خواب پورا کرے گی۔ انیس سو اٹھاسی میں شروع ہونے والی ایئرایمبولینس سروس تین سال قبل بند ہو گئی تھی جسے پھر سے بحال کیا جا رہا ہے۔ آزمائشی پرواز اور چیک کرنے کے بعد طیارے کو ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ ایدھی ایئر ایمبولنس سروس کی بحال سے سندھ اور بلوچستان کے دشوارگزار علاقوں کے لوگ بھی فوری طور پر طبی مراکز میں پہنچ سکیں گے۔
تقریباً تین کروڑ روپے کی لاگت سے طیارہ دوبارہ قابل استعمال بنا لیا گیا ہے۔ ایئر کرافٹ انجینئر کہتے ہیں کہ اسے چند گھنٹوں کے نوٹس پر کسی بھی آپریشن پر بھیجا جا سکتا ہے جبکہ رضاکار بتاتے ہیں کہ انہوں نے ستائیس برسوں میں کئی آپریشنز میں حصہ لیا۔ ایئر ایمبولینس سروس کا ایک ہیلی کاپٹر بھی انجن کی خرابی کی وجہ سے غیرفعال ہے جسے فعال کر کے دکھی انسانیت کی مزید خدمت کی جا سکتی ہے۔


