ڈائریکٹ دھمکیاں، نہال کی جلال میں بیان بازی طوفان لے آئی، وزیر اعظم نے لیگی رہنماء کو طلب کر لیا، پارٹی رکنیت معطل، شوکاز نوٹس جاری، مریم اورنگزیب نے بیان افسوسناک قرار دے دیا۔
کراچی: (دنیا نیوز) سینیٹر نہال ہاشمی کی جلال میں بیان بازی طوفان لے آئی۔ لیگی رہنماء کی تقریر کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ لیگی رہنماء نے سیاسی مخالفین اور اداروں کو براہ راست دھمکیاں دیں، کہتے ہیں تم جس سے حساب لے رہے ہو وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے اور ہم اس کے کارکن، آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاؤ گے، حساب لینے والو ہم تمہارا یوم حساب بنا دینگے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کیلئے پاکستان کی زمین تنگ کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کر سن لیں ہم نے انہیں چھوڑنا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تم پاکستان کے باضمیر اور باکردار رہنماء نواز شریف کا زندہ رہنا مشکل کر رہے ہو، پاکستانی قوم تمہارا زندہ رہنا مشکل کر دے گی۔ نہال ہاشمی نے عمران کان کو بھی نہ بخشا، کہتے ہیں قوم بنی گالہ میں رہنے والوں پر بھی زمین تنگ کر دے گی۔
وزیر اعظم نے نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں طلب کیا اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم بھی دیا جس کے بعد مسلم لیگ نون نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرکے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ آصف کرمانی کہتے ہیں نہال ہاشمی نے پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔ مریم اورنگزیب نے بیان کو غیرمناسب اور افسوسناک قرار دے دیا کہتی ہیں نہال ہاشمی کے بیان کا ن لیگ یا شریف فیملی سے کوئی تعلق نہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے نہال ہاشمی سے سینیٹر شپ سے بھی استعفیٰ مانگ لیا ہے۔
نہال ہاشمی کے بیان پر ردعمل میں عمران خان نے کہا کہ نہال ہاشمی نے عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکیاں دیں، حکمران ضمیر خریدتے یا خوفزدہ کرتے ہیں۔