بہاولپو: ڈاکٹر نے مریضہ کے ڈلیوری آپریشن کی فوٹیج بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی

بہاولپو: ڈاکٹر نے مریضہ کے ڈلیوری آپریشن کی فوٹیج بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے ہسپتال میں مسیحاؤں کا گھناؤنا کارنامہ، مریضہ کے ڈلیوری آپریشن کی موبائل سے فوٹیج بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نام نہاد مسیحا نے موبائل فون سے ڈلیوری آپریشن کی فوٹیج بنائی، ویڈیومیں آپریشن کی منتظر دوسری مریضہ بھی چادر اور پردے کے بغیر دکھائی دی۔ ڈاکٹرز نے نہ صرف اس منظر نامے کو فلمایا بلکہ سوشل میڈیا پر اس فوٹیج کو اپ لوڈ کر کے مسیحائی کے تقدس کو پامال کیا جو اس پیشے کی اخلاقی اقدار اور مشرقی روایات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اس سے قبل منڈی بہاءالدین کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بھی ایسا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ حکومت پنجاب نے کمیٹی بھی بنائی تاہم تاحال کوئی رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی۔

بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مسیحاؤں کی گھناؤنی حرکت پر خواتین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا بے حیائی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ وزیر صحت عمران نذیر نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ایسی کوئی حرکت قابل قبول نہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ معروف گائنا کا لوجسٹ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا طلبا کو سکھانا بھی ہو تو مریض سے اجازت لی جاتی ہے، کسی مریض کی تصویر بنانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا معاملے پر جلد از جلد تحقیقات کرنی چاہیں۔ 

ویڈیو دیکھیں: