'ترقی کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے، نظام چلتا رہا تو خرابیاں دور ہو جائیں گی'

Published On 14 Oct 2017 06:52 PM 

ترقی کیلئے جمہوریت ناگزیر قرار، نظام چلتا رہا تو خرابیاں دور ہو جائیں گی، حکومت بنانے اور ہٹانے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئے، وزیر اعظم کا خطاب، کراچی میں پورٹ قاسم پر گیس اور کوئلے کے نئے ٹرمینل کا افتتاح۔

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی، جمہوریت کا عمل چلے گا تو خرابیاں خود دور ہوں گی۔

بعد ازاں شہر قائد کے دورے پر آئے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس میں سٹاک مارکیٹ کے بروکرز سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تنزلی کی وجوہات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سٹاک بروکرز نے کئی ٹیکسوں میں کمی اور 2008ء میں این آئی ٹی کے زیرنگرانی بنے کیپیٹل فنڈ کو بحال کرنے سمیت دیگر سفارشات پیش کیں۔

 


وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر سندھ محمد زبیر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی سٹاک بروکرز کی تجاویز وزیر اعظم کو ارسال کرے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی جانب سے دی جانی والی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں، روپے کی قدر میں کمی نہیں ہو گی، جبکہ برآمدات بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور آنے والے مہینوں میں ملکی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔