انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ ارجمند ڈھائی بجے فیصلہ سنائیں گے، فیصلہ آنے تک ملزم واپس نہ جائے: انسداد دہشتگردی عدالت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی تشدد سمیت دہشتگردی کے 4 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے عمران خان کو فیصلہ سنائے جانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: این آر او کی خوشبو بھی آئی تو سڑکوں پر نکلیں گے: عمران خان
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا ایس ایس پی جونیجو حملہ کیس میں 11 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے، کسی ایک گواہ نے بھی عمران خان پر حملے کا الزام نہیں لگایا۔ بابر اعوان نے کہا عمران خان ایس ایس پی جونیجو پر حملے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان سے کوئی برآمدگی ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا عمران خان نے اعلانیہ کارکنان کو پولیس پر حملہ کرنے پر اکسایا۔