ڈیرہ بگٹی میں فورسز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

Last Updated On 21 April,2018 04:43 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے بمبور کے پہاڑیوں میں کاروائی کے دوران 5 شرپسند ہلاک اور 29 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر معروف فراری کمانڈر بوجلا بگٹی نے 20 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، شرپسندوں کے ٹھکانوں سے برآمد بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود کو میڈیا نمائندگان کے سامنے پیش کیا گیا۔

حکام کے مطابق گزشتہ گیارہ دنوں سے اب تک سیکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 شرپسندوں کو ٹھکانے لگا دیا اور 29 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جبکہ شرپسندوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کے علاوہ ایف سی، حساس اداروں کے افسران، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی جاوید نبی کھوسہ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈیرہ بگٹی میر غلام نبی بگٹی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کی۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں سے ہتھیار لیتے ہوئے انہیں گلے سے لگا کر خوش آمدید کہا اس موقع پر ہتھیار ڈالنے والے افراد نے اپنی پچھلی زندگی پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو یقین دلایا کہ آئندہ جب کبھی انہوں نے ہتھیار اٹھائے تو وہ پاکستان کے دفاع کے لیے اٹھائیں گے۔

حکومت نے حکمت عملی کے تحت دہشتگردوں کو پہلے شہری علاقوں سے مار بھگا کر پہاڑوں پر جانے پر مجبور کردیا جبکہ بعد میں انہیں دباؤ میں لا کر قومی دھارے میں لانے پر مجبور کردیا۔ حکومت کے نرم رویے کے باعث سیکڑوں لوگ قومی دھارے میں واپس آکر پرامن شہری بن گئے ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان بھر میں الیکشن سے قبل امن و امان بحال رکھنے کے لیے مختلف سیاسی، مذہبی اور لسانی جماعتوں میں شامل جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

Advertisement