مصطفیٰ کمال نے نئی مردم شماری کے نتائج کو عدالت میں چیلنج کر دیا

Last Updated On 25 April,2018 12:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے نئی مردم شماری کے نتائج سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیئے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کراچی کی آبادی دانستہ کم ظاہر کر کے جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا، تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی کی رجسٹرڈ آبادی 2 کروڑ 15 لاکھ ہے، مردم شماری میں آبادی ایک کروڑ 40 لاکھ کیسے ہو سکتی ہے ؟ آبادی کم ظاہر کرنے سے کراچی کے وسائل غصب ہونگے۔ انہوں نے کہا سندھ کی آبادی شہری علاقوں سے کم کی گئی، کراچی کو سالانہ 40 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ کو مشترکہ مفادات کونسل میں مقدمہ لڑنا چاہیئے تھا، کراچی کی آبادی میں 70 لاکھ لوگ کم کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا لاہور کی آبادی ہر سال 3 فیصد کے حساب سے بڑھی جبکہ اس میں صرف پنجاب کے لوگ نظر آتے ہیں، لاہور میں بنگالی بستیاں نہیں ہیں، کشمیر سے لوگ نہیں آتے مگر پاکستان بھر سے لوگ کراچی آ کر بستے ہیں۔