سپریم کورٹ نے حجرہ شاہ مقیم میں صفائی سے متعلق کیس نمٹا دیا

Last Updated On 03 May,2018 11:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے حجرہ شاہ مقیم میں صفائی سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے،، عدالت نے متعلقہ سیشن جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کرتے ہوئے جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حجرہ شاہ مقیم میں صفائی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سنا ہے اب حجرہ شاہ مقیم کی گلیاں صاف ہو گئی ہیں، قبرستان کی کیا پوزیشن ہے، کیا تجاوزات ختم ہو گئی ہیں؟ جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ قبرستان سے تجاوزات کا خاتمہ ہو چکا۔

درخواستگزار نے بتایا کہ تاحال اس تصویر والی گلی میں سیوریج لائن نہیں بچھائی گئی، عدالت نے متعلقہ سیشن جج کو کمیشن کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور حجرہ شاہ مقیم ازخود نوٹس نمٹا دیا۔