میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی میں لے جا کر بدلنا ہو گا، نواز شریف

Last Updated On 06 May,2018 08:47 pm

مانسہرہ: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف چند ججوں کے فیصلے کو کسی نے تسلیم نہیں کیا، ہمیں اس فیصلے کو اسمبلی میں بھاری اکثریت سے آ کر بدلنا ہو گا۔

میاں نواز شریف کا مانسہرہ میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ میرے خلاف آنے والے فیصلے کو کسی نے تسلیم نہیں کیا، مجھے تو چند ججوں نے فارغ کر دیا۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر چور دروازے سے مجھے نااہل کروایا گیا۔ فیصلے کو بدلنے کا ایک راستہ ہے، وہ یہ کہ ہمیں اس فیصلے کو اسمبلی میں لے جا کر بدلنا ہو گا، فیصلے کو بدلنے کے لیے عوام مجھے ووٹ دیں کیونکہ اس فیصلے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

سابق وزیرِاعظم نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاڈلے کی قسمت میں دھرنے دینا ہے، انھیں قوم رد کرچکی ہے۔ میں مانسہرہ کے بھائیوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر ووٹ کی عزت ہوئی تو پرانا بوسیدہ خیبر پختونخوا کے بجائے نیا بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جب بھی وعدہ کیا پورا کیا۔ پاکستان سے بجلی کا بحران ختم کیا، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا۔ پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہونگے۔