نواز شریف اور عمران خان کا مسئلہ صرف اقتدار ہے: بلاول

Last Updated On 07 May,2018 10:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کا مسئلہ عوام نہیں، صرف اقتدار ہے۔ صرف پیپلز پارٹٰی ایشوز کی سیاست کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا لاہور میں ممبرشپ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں پارٹی کی تنظیم سازی کے سلسلے میں آپ کے پاس آیا ہوں، ہم نے عوام تک پارٹی کا منشور پہنچانا ہے۔ پیپلز پارٹٰی ایشوز کی سیاست کرتی ہے۔ دوسری طرف وہ پارٹیاں جن کا کوئی نظریہ نہیں، ان کو عوام سے کوئی غرض نہیں ہے۔ نواز شریف اور عمران خان کا مسئلہ عوام نہیں، صرف اقتدار ہے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن سے ایک مہینہ پہلے عمران خان کو یاد آیا کہ کرپشن کے علاوہ اور بھی مسائل ہیں۔ ان کی دو گھنٹے طویل تقریر میں میں ”میں میں میں“ کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ وہ بس یہی کہتے رہے کہ میں نے میچ جیتا، میں نے ہسپتال بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ میں 7 دل کے ہسپتال بنائے، دوسری طرف عمران خان کی خیبر پختونخوا میں حکومت تھی، آپ نے 11 میں سے کسی ایک نکتے پر بھی عمل نہیں کیا۔

سابق وزیرِاعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ہر پندرہ دن میں اپنا بیانیہ بدلتے ہیں۔ پہلے کہتے تھے مجھے کیوں نکالا؟ ہم نے نواز کو اس کا بھی جواب دیا، پھر نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو، ہم نے میاںصاحب کو بتایا کہ آپ کی ساری تاریخ ووٹ کی بے حرمتی سے بھری ہوئی ہے، آپ نے ہر وہ کام کیا جس سے جمہوریت اور ادارے کمزور ہوں۔ اب میاں صاحب نے نیا شوشہ چھوڑا ہے اور کہتے ہیں کہ ان کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر نواز شریف کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے تو وہ راکٹ پکڑیں اور خلا میں جا کر ان سے مقابلہ کریں۔ زمین پر تو انسان رہتے ہیں۔
 

Advertisement