عام انتخابات کا انعقاد، الیکشن کمیشن نے 2 تاریخیں تجویز کر لیں

Last Updated On 08 May,2018 09:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء کیلئے 25 یا 26 جولائی کی تاریخیں تجویز کر لی ہیں۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے دو تاریخیں تجویز کی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کیلئے25  یا 26 جولائی کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ اب یہ سمری منظوری کیلئے صدر مملکت کو بھجوائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 25 یا 26 جولائی کو عام انتخابات کرانے کی مجوزہ تاریخ طے کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات جولائی کے آخری ہفتے میں کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی مقررہ مدت پر پولنگ 25 یا 26 جولائی کو کرائی جائے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے صدر کو سمری بھجوانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کی مجوزہ پولنگ تاریخ کی سمری صدر مملکت کو بجھوائے گا۔ خیال رہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کی منظوری صدر مملکت سے لینے کا پابند ہے۔

صدر مملکت سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرے گا۔ سمری کی منظوری کے بعد مئی کے آخر یا جون کے پہلے ہفتے میں الیکشن شیڈول جاری ہو گا۔