ناصر الملک نے نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

ناصر الملک نے نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

حلف برداری کی تقریب ایون صدر اسلام آباد میں ہوئی، قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس (ر) ناصر الملک سے نگران وزیراعظم کا حلف لیا۔ سبکدوش ہونیوالے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز، چئیرمین سینیٹ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سابق وفاقی وزرا، مسلم لیگ نوا ز کے رہنما اور اعلی و سول فوجی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

نگران وزیراعظم چیف جسٹس (ر) ناصرالملک نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن ہوگا اور ضرور ہوگا، عام انتخابات بر وقت ہونگے۔ انہوں نے کہا کابینہ کا حجم کم سے کم رکھوں گا، نگراں کابینہ جلد تشکیل دی جائے گی۔

یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کیا۔ جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔ اُنھیں 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994 میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:سابق چیف جسٹس ناصرالملک نگران وزیراعظم نامزد

جسٹس ناصر الملک کو 2004 میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس رہے، جو پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔ جسٹس ناصر الملک کی بطور چیف جسٹس تقرری نواز شریف نے کی تھی۔