اووسیز پاکستانی 2018 میں بھی ووٹ کے حق سے محروم

Last Updated On 07 June,2018 03:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز ) اوورسیز پاکستانی ایک بار پھر ووٹ کے حق سے محروم ہوگئے، 2018 عام انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔

سپریم کورٹ میں تارکین وطن ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے کے معاملے کا کیا ہوا۔ وکیل فیصل چوہدری نے بتایا لگتا ہے کہ اس الیکشن میں تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت نہیں مل سکتی، ووٹ کی سہولت دینے کے اقدامات کو جاری رہنا چاہیے، عدالت نے ووٹ کی سہولت دینے کے لیے جو اقدامات کئے وہ قابل ستائش ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ درست ہے کہ فی الحال یہ کام ممکن نہیں ہے، میری کوشش تھی کہ تارکین وطن کو یہ سہولت مل جائے، اس وقت یہ کام کرنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہو سکتا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ تھرڈ پارٹی ایولیشن کے مطابق تارکین وطن کے لیے ای ووٹنگ منصوبے پر کام نہیں ہو سکتا، فی الحال بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولت حالیہ عام انتخابات میں نہیں مل سکتی، آن لائن سسٹم پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ٹاسک فورس کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے، ضمنی انتخابات میں ای ووٹنگ کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔