کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے لیے مشکلات میں اضافہ، چوبیس گھنٹوں میں پانچ سابق ایم این ایز نے بغاوت کردی۔ سکھر کے ضلعی چیئرمین نے بھی پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کر لیں۔
الیکشن قریب آنے کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیپلز پارٹی کے پانچ سابق ایم این ایز نے پیپلزپارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ بدین سے سابق ایم این اے غلام علی نظامانی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بن گئے۔ غلام علی نظامانی نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے ملاقات میں جی ڈی اے میں شمولیت کا اعلان کیا۔
گھوٹکی کے سابق ایم این اے سردار علی گوہر مہر نے بھی پیر پگارا سے ملاقات میں جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، دوسری جانب تھرپارکر سے سابق ایم این اے فقیر شیر محمد بلالانی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دادو کے سابق ایم این اے طلعت مہیسر پی ٹی آئی کو پیارے ہوگئے۔ سکھر کے ضلع چیئرمین محمد اسلم نے بھی بھائی کو پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بغاوت کا اعلان کر دیا ہے۔