کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام پہلی بار بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرے گی۔ عوامی خدمت کے باعث پیپلزپارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت کراچی ڈویژن کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شیری رحمان، راشد ربانی، وقار مہدی، سعید غنی، جاوید ناگوری، نبیل گبول، یوسف بلوچ، نجمی عالم، خلیل ہوت، نادیہ گبول، نادر گبول اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کراچی میں پارٹی کی عام انتخابات کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی نامعلوم افراد کے چنگل سے آزاد ہو چکا ہے۔ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدامات کے باعث کراچی میں امن بحال ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی رہنما اور کارکنان کراچی میں الیکشن مہم کا آغاز کریں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ بلاول بھٹو نے مالاکنڈ کے حلقہ این اے 8 سے بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے ان کے حل کے لیے ڈٹ کر کام کرینگے۔