برطانوی میڈیا میں بھی نواز شریف کی مبینہ کرپشن کی داستانیں شائع

Last Updated On 24 June,2018 07:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی میڈیا بھی نواز شریف کی مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کی داستانیں شائع کرنے لگا، عمران خان نے برطانوی اخبار کی رپورٹ سوشل میڈیا پر ڈال دی ۔

چئیر مین تحریک انصاف نے قوم کو نواز شریف کی مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ سے متعلق ایک اور داستان پڑھنے کی دعوت دیدی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم پڑھے کہ کیسے کرپٹ حکمرانوں اور انکے خاندانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی دولت پر ڈاکہ ڈالا،عمران خان نے کہا کہ ایون فیلڈ وہ جگہ ہے جہاں پاکستان کا رئیس ترین وزیر اعظم 1993 سے آکر ٹھہرتا ہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے چار پرتعیش ترین اپارٹمنٹس پر مشتمل محل تعمیر کیا، نواز شریف کے اس محل کی قیمت تقریباً ستر لاکھ پاؤنڈز ہے، نواز شریف نے اس محل میں اپنے دوبیٹوں، صاحبزادی اور داماد کو حصہ دار بنا رکھا ہے، نواز شریف کا محل ان جائیدادوں میں سے ایک ہے جو روسی رؤسا کے علاوہ کسی نے کھڑی نہیں کیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی جائیدادوں کی مجموعی قیمت تقریباً 32 ملین پاؤنڈز کے برابر ہے، گزشتہ کئی مہینوں سے پرتعیش اپارٹمنٹس کے نواز خاندان پر مشتمل حصے دار پاکستانی عدالتوں میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھگت رہے ہیں۔