لاہور: (ویب ڈیسک) اپیلٹ ٹربیونل نے تحریک لبیک کے رہنما اشرف جلالی کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔
اپیلٹ ٹربیونل میں گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 81 سے تحریکِ لبیک کے مولانا اشرف آصف جلالی کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل منظور کرتے ہوئے اشرف جلالی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
درخواست گزار نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ اشرف جلالی نے کاغذاتِ نامزدگی میں ٹیکس ریٹرن کا ذکر نہیں کیا جبکہ کاغذات میں ان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے بھی دستخط موجود نہیں ہیں، اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود اشرف جلالی نے ریٹرننگ افسر کو اپنا پاسپورٹ جمع نہیں کروایا کہ وہ کتنی بار بیرونِ ممالک گئے، وہ آرٹیکل 62۔63 کے تحت الیکشن لڑنے کے اہل نہیں رہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم کالعدم قرار دے کر اشرف جلالی کو الیکشن کے لیے نا اہل قرار دے۔ الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل منظور کرتے ہوئے اشرف آصف جلالی کو این اے 81 سے الیکشن لڑنے سے روک دیا۔