لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے دو اہم حلقوں سے نون لیگ کے امیدوار پھر تبدیل، این اے 125 سے وحید عالم اور این اے 133 سے پرویز ملک کو ٹکٹ دیدیا گیا۔
ٹکٹوں کی تقسیم پر سیاسی جماعتیں ابھی تک تذبذب اور مشکلات کا شکار ہیں۔ لاہور کے دو اہم حلقوں سے نون لیگ کے امیدواروں کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کو این اے 127 سے ٹکٹ جاری ہونے کے بعد این اے 125 وحید عالم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وحید عالم پہلے این اے 133 سے امیدوار تھے، اب وہاں پرویز ملک قسمت آزمائی کریں گے۔
ادھر این اے 15 ایبٹ آباد سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے چپکے سے مہتاب عباسی کا پتہ کاٹ دیا اور پارٹی ٹکٹ مرتضیٰ جاوید عباسی کو جاری کرا دیا۔ سردار مہتاب کے بیٹے اور بھائی نے احتجاجاً اپنے ٹکٹ نون لیگ کو واپس کر دئیے ہیں۔
اوکاڑہ میں بڑی سیاسی تبدیلی سامنے آئی ہے جہاں پی ٹی آئی نے وٹو خاندان کو دو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔ پی پی 186 سے خرم جہانگیر وٹو اور پی پی 185 سے روبینہ شاہین وٹو تحریکِ انصاف کی امیدوار ہوں گی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو آزاد حیثیت میں این اے 144 سے الیکشن لڑیں گے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی نے میر ہزار بجارانی کے بیٹے اور ناراض رہنما شبیر بجارانی کو منا لیا ہے۔