لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے لیکن پچیس جولائی کو جو ہوگا وہ نوشتہ دیوار ہے۔
لندن میں ہارلے سٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں۔ اس وقت نشانہ صرف ن لیگ اور ن لیگی ہیں۔ پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اور میرے ساتھی نشانہ ہیں۔ 1970ء کی طرح کا کھیل کھیلا جا رہا ہے جب مشرقی پاکستان علیحدہ ہو گیا تھا۔
سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ ملک میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے، اگر اسے نہ روکا گیا تو نتائج ہولناک ہوں گے۔ پچیس جولائی کو جو ہوگا وہ نوشتہ دیوار ہے۔ پری پول دھاندلی جاری ہے، اسے بند ہونا چاہیے۔
چودھری نثار کے مدِمقابل امیدوار کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ قمرالاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کہ چلیں۔