کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فاروق ستار نے عمران خان اور شہبا ز شریف کو بڑی آفر کر دی۔ انہوں نے کہا دونوں رہنما اپنے صوبے کے بجٹ سے کچھ حصہ کراچی کو دیں تو اُنکے خلاف اپنے امیدوار دستبردار کرا دوں گا۔
فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیرس بنانے سے پہلے کراچی سے انصاف کریں، کراچی کیلئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔ انہوں نے کہا ٹکٹ کی سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں ہے، امیدواروں کا انتخاب خالد بھائی اور رابطہ کمیٹی نے کیا ہے، سلیکٹر کوئی اور کپتان میں ہوں، رابطہ کمیٹی کہے تو الیکشن سے دستبردار ہوجاؤں گا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ ہر الیکشن میں ایسا ہوتا ہے کہ ووٹر اپنے مسائل بتاتا ہے، آج میڈیا نے ترقی کی ہے تو سب چیزیں کیمرے پر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری انتخابی مہم سب سے آخر میں شروع ہوتی ہے، ہم صبر اور ثابت قدمی کیساتھ کام کرتے ہیں، جانتے ہیں ہمارے ووٹرز آرگنائز ہیں۔