لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ قائدِاعظم کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں مسلم لیگ ن سے ان کی ناکام پالیسیوں کا بدلہ لیں گے، سابقہ حکومت کے اعمال ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ نے سردار ممتاز ٹمن کی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اقتدار صرف اللہ تعالیٰ کا ہے، انتخابات میں کامیابی یا ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممتاز ٹمن کے خاندان کی ملک کیلئے خدمات کبھی نہیں بھول سکتے، جب پاکستان پر حملہ ہوا تو ایئر مارشل نور خان کی ملک کیلئے خدمات آج تک سب کو یاد ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیاسی رہنما عزت کی خاطر سیاست کرتے ہیں جبکہ شریف برادران کسی کی عزت کرنا نہیں جانتے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کا غرور ان کے بچوں میں منتقل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ باعث تشویش ہے۔