لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے پیسہ ایمانداری سے خرچ ہوتا تو لاہور کا یہ حال نہ ہوتا، شہباز شریف باہر نکلے تو بہت بُرا ہوگا، لوگوں کو پتہ ہے انہوں نے بہت ڈرامے کیے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن 2018 ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع ہے، پنجاب میں ساری ترقی اشتہاروں میں ہے، شریف برادران نے عوام کے ٹیکس کا سارا پیسہ لوٹ لیا۔ انہوں نے کہا لاہور کو ہر سال ساڑھے 300 ارب کا بجٹ ملتا ہے، پیرس میں بارش ہوتی ہے تو سڑکیں ڈوبتی نہیں ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں:کپتان کا متاثرہ علاقوں کے دورے کا فیصلہ
عمران خان کی گاڑی ڈیوس روڈ پر ٹریفک جام میں بھی پھنسی، ان کا مزید کہنا تھا شریف برادران نے قرض لے کر اورنج ٹرین اور میٹرو بنائی، لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے سنے تھے، شہباز شریف کہتے ہیں کراچی اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا، 635 ارب روپے بجٹ کا آدھا لاہور پر خرچ ہوتا ہے، مگر عوام کے ٹیکس کا پیسہ رائیونڈ پر لگایا گیا۔ انہوں نے کہا ڈرامے تھوڑی دیر کے لیے چلتے ہیں۔