راولپنڈی: ( روزنامہ دنیا) پاکستان عوامی تحریک نے حلقہ این اے 60 اور 62 میں شیخ رشید احمد کی حمایت کافیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خرم نواز گنڈاپور اور شیخ رشیداحمد کی 9 جولائی کو راولپنڈی میں ملاقات طے ہے۔
اس سے قبل خرم نواز گنڈاپور عوامی تحریک کے کارکنوں سے مشاورت بھی کریں گے، شیخ رشید سے ملاقات کے بعد خرم نواز گنڈا پور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، عوامی تحریک ہر اس امیدوار کی حمایت کرے گی جو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف عوامی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔
ادھر راولپنڈی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے موٹر سائیکل پر مہم جاری رکھی ہے، شیخ رشید نے ٹرانسفارمر چوک میں عام شہری سے لفٹ لی اور کارنر میٹنگ میں جا پہنچے، کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ مجھے اور تحریک انصاف کو ووٹ دو، دریں اثنا ء ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ فیصلے کی گھڑی آگئی، نوازشریف نے سارے ناکام ڈنکے بجائے، اب کرپشن کی کمر توڑنے کا وقت قریب ہے۔