نواز شریف کیخلاف فیصلہ: پی ٹی آئی کارکنوں کا جشن، لیگیوں کا احتجاج

Last Updated On 06 July,2018 08:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی لیکن دوسری جانب لیگی کارکنوں نے افسردہ ہو کر احتجاج شروع کر دیا۔

لیگی کارکنوں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کیخلاف فیصلہ آتے ہی احتجاج شروع کر دیا ، کارکن قائدین کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔ سخت ترین سیکیورٹی کے باوجود اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر متوالے موجود رہے جیسے ہی فیصلہ آیا لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا، کچھ ورکرز نے احتجاج کرتے ہوئے کپڑے پھاڑ لئے۔ خواتین کارکنوں کی آنکھیں بھی رہنماؤں کو سزا ملنے کے فیصلے کے بعد بھیگ گئیں۔

دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، شہر شہر تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے فیصلے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

پی ٹی آئی کارکن نواز شریف کیخلاف فیصلے پر پھولے نہیں سمائے، فیصلے کی خوشی میں کھلاڑیوں نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔ انہوں نے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی۔
 

Advertisement