ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے این اے 157 میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار میدان میں ہیں، جنہوں نے الیکشن قریب آتے ہی سیاسی جوڑ توڑ مزید تیز کر دی ہے۔
ملتان کے این اے 157 میں غفار ڈوگر مسلم لیگ ن، علی موسی گیلانی پیپلزپارٹی جبکہ زین قریشی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔ تاہم یوسف رضا گیلانی اور شاہ محمود قریشی کے بیٹوں کی انتخابی میدان میں انٹری سے حلقے کی سیاسی صورتحال انتہائی دلچسپ ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے غفار ڈوگر بھی اپنی سیاسی بقا کیلئے کافی حد تک متحرک ہوچکے ہیں۔
3 لاکھ 90 ہزار 725 ووٹرز کے حلقے کا بیشتر حصہ دیہی آبادی پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود شیر اور تیر کے مقابلے میں بلا کی مقبولیت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ این اے 157 شاہ محمود قریشی کا آبائی حلقہ ہے لیکن علی موسی گیلانی اور غفار ڈوگر کے منتخب ہونے سے حلقے کے ووٹرز گیلانی، قریشی اور ڈوگر کی حمایت میں تقسیم ہو چکے ہیں۔