تحریک انصاف آج انتخابی منشور کا اعلان کرے گی

Last Updated On 09 July,2018 12:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف آج انتخابی منشور کا اعلان کرے گی، منشور میں کرپشن کا خاتمہ، غیر جانبدار احتساب، ملک کو فلاحی ریاست بنانے کا اعلان کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اسلام آباد میں انتخابی منشور کااعلان کریں گے۔ منشور میں اس عزم کااظہار کیا جا رہا ہے کہ خارجہ پالیسی برابری کی بنیاد پر جبکہ داخلہ پالیسی انصاف پر مشتمل ہوگی، تحریک انصاف تعلیم اور صحت کے مواقع سب کو دینے کا انتخابی منشور میں وعدہ کرنے جا رہی ہے۔

انصاف کی فراہمی ہر سطح پر یقینی بنانے، زرعی ترقی، قومی اداروں اور معیشت کی بحالی، نئے ڈیمز کی تعمیر بھی منشور میں شامل ہے۔ کسانوں کو زیادہ سبسڈی اور سستی بجلی جیسی سہولتیں فراہم کرنے، نوجوانوں کیلئے تکنیکی تعلیم، روزگار اور عوامی خدمت کے شعبوں کو فعال بنایا جائےگا۔

تحریک انصاف نے عوامی فلاح کیلئے انتظامیہ اور حکومتی ڈھانچے میں تبدیلیاں لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کرپشن کے خاتمے کا نعرہ بھی منشور میں شامل ہوگا، نئے ڈیمز اور پانی کے بڑے ذخائر سمیت طویل المیعاد واٹر پالیسی پر توجہ دی جائے گی، بجلی کی پیداوار کے حقیقی منصوبے اور خود کفالت منشور کا حصہ ہے، غیر ملکی قرضوں پر انحصار ختم کرنے کے لئے ملکی وسائل کی تلاش پر فوکس کیا جائے گا۔

منشور کے نکات کے مطابق ماحولیاتی پالیسی کو از سر نو مرتب کیا جائے گا جبکہ معدنی ذخائر کی تلاش بھی منشور کا حصہ ہے۔