50 لاکھ سستے گھر، ایک کروڑ نوکریاں، پی ٹی آئی کے انتخابی منشور کا اعلان

Last Updated On 09 July,2018 08:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے 5 سال میں 50 لاکھ سستے گھر، ایک کروڑ نوکریاں اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اسکیم متعارف کرائی جائے گی، کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کو مضبوط کریں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی بڑھتی ہے، آنیوالی حکومت کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہو گا، گزشتہ 10 سال میں قرض بہت زیادہ بڑھے۔ انہوں نے کہا ایک چھوٹا سا طبقہ اس سسٹم سے فائدہ اٹھا رہا ہے، قانون سب کیلئے ایک ہونا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا منشور پر عمل کرنا آسان کام نہیں، منشور پر عملدرآمد کیلئے بڑی تبدیلیاں کرنا پڑیں گی، ناکام پالیسیوں سےغربت بڑھ رہی ہے، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی تیزی سے کم ہوئی۔ انہوں نے کہا ماضی میں لوگ میرٹ پر آگے آتے تھے، بیورو کریسی کو سیاسی بنا دیا گیا، خیبرپختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی بنانے کیلئے ایکٹ پاس کیا، خیرپختونخوا کی کامیابی میں پولیس کا بڑا ہاتھ ہے۔

PTI Manifesto Final - 2018 by Insaf.PK on Scribd

تاجروں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تاجروں کو سہولت دینے سے کاروباری لاگت متوازن ہوگی، نوجوانوں کو نوکریاں دینا سب سے بڑا چیلنج ہے، روزگار فراہم کرنے کیلئے ابھی سے پلاننگ کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا 5 سال میں کم لاگت کے 50 لاکھ گھر بنانے کا پلان ہے، کسانوں کی مدد بھی منشور کا حصہ ہے، سستی رہائش گاہیں بھی منشور کا حصہ ہیں۔

سی پیک کے حوالے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا سی پیک کا فائدہ اٹھائیں گے، سی پیک سے فائدہ اٹھانا کیلئے ترجیحی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی ترجیح ہو گی، برآمدات بڑھانے کیلئے ٹیکسٹائل پالیسی لے کر آئیں گے، ٹورازم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کریں گے، پیسہ جمع کرنے کیلئے ایف بی آر کو خود مختار بنائیں گے، انرجی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے جامعہ پلان ہے، اس وقت بہت زیادہ پانی ضائع ہو رہا ہے، پانی بچانے کیلئے منصوبہ بندی کریں گے۔