العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت، نواز شریف کا جج پر اعتراض

Last Updated On 09 July,2018 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے بعد نواز شریف نے احتساب عدالت کے جج پر اعتراض اٹھا دیا۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ جج محمد بشیر ایک ریفرنس میں فیصلہ کرنے کے بعد اب ان کے موکل کے خلاف مزید مقدمات نہیں سن سکتے۔ سابق وزیرِاعظم کی حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کر دی گئی۔

خواجہ حارث کے اعتراض پر جج احتساب عدالت محمد بشیر نے کہا کہ اگر وہ یہ مقدمہ نہیں سکتے تو پھر آپ ہی بتائیں کیا کریں؟ وکیل نواز شریف نے کہا کہ اس معاملے پر آپ سپریم کورٹ کو خط لکھ کر یہ بات ان کے نوٹس میں لے آئیں اور ہائی کورٹ کو بھی بتا دیں۔ جج احتساب عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مدت بھی ختم ہو رہی ہے، اس متعلق خط لکھنا ان کاکام ہے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ تمام ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ کیا جائے۔ نواز شریف اور مریم نواز جمعہ کی شام کو پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں، بہتر ہے کہ سماعت سوموار تک ملتوی کر دی جائے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ڈائریکشن ملنے کے بعد ہی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے، کیس کی مزید سماعت 12 جولائی کو ہو گی۔