راولپنڈی: (دنیا نیوز) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے ہماری کوئی پارٹی یا سیاسی وابستگی نہیں ہے، پاک فوج کی وابستگی صرف عوام سے ہے، کونسی سیاسی جماعت جیتے گی یہ تو 25 جولائی کوپتا چلے گا، قوم اپنی پسندیدہ پارٹی کو بے خوف ہو کر ووٹ دے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن کا جو ماحول آج ہے، یہ ماحول 2013 میں نہیں تھا، کون سے الیکشن ہیں جس سے پہلے سیاستدانوں نے جماعتیں نہ بدلی ہوں، کچھ لوگوں کا مقصد فوج کی توجہ ہٹانا ہے، افواج پاکستان کی توجہ اہم ترین مسئلے پر ہے۔ انہوں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک فون کال پر کوئی اپنی پارٹی بدل دے، سیاسی عمل کو سیاسی ہی رہنے دیں، سپاہی ہمارے حکم پر جان دینے کیلئے تیار ہوتا ہے، کوئی غلط کام نہیں کہہ سکتے، چھوٹے چھوٹے واقعات کو الیکشن سے منسلک نہ کریں۔
جیپ کا نشان
ترجمان پاک فوج نے کہا جیپ کو جو رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہ ہمارا رنگ ہی نہیں، ہر چیز کو شک کی نظر سے نہ دیکھیں۔ انہوں نے کہا ہر الیکشن سے پہلے سیاست دانوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے، کون سے ایسے الیکشن ہیں جس سے پہلے سیاست دانوں نے جماعتیں نہ بدلی ہوں، آرمڈ فورسز 15 سال سے ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
انتخابات وقت پر ہونگے
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا انتخابات وقت پر ہونگے، الیکشن سے متعلق شکوک و شبہات دم توڑ گئے، 25 جولائی کو عوام جمہوری عمل آگے بڑھائیں گے، جمہوری تسلسل کا یہ تیسرا الیکشن ہوگا، الیکشن میں فوج کا براہ راست کوئی کردار نہیں، افواج پاکستان کا کردار الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا فوج الیکشن کمیشن کی پہلے بھی مدد کرتی آئی ہے، 1997 میں ایک لاکھ 92 ہزار فوجی تعینات ہوئے، سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم بلا خوف ہونی چاہیے۔
100 ووٹ ہی نکلنے چاہئیں
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بیلٹ باکس میں 100 ووٹ ڈالیں گئے ہیں تو 100 ہی نکلنے چاہئیں، افواج پاکستان کے پاس اختیار نہیں کسی بے ضابطگی کو دور کرے، بے ضابطگی دور کرنے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ انہوں نے کہا عوام جمہوری عمل کے ذریعے اقتدار منتقل کریں گے، پر امن ماحول کیلئے فوج اپنا کردار ادا کرے گی، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے۔
غیر جانبدار الیکشن
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایئرفورس اور پاک نیوی کے دستے بھی مدد کریں گے، الیکشن کے عمل میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی، غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہو کر الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا 45 ہزار 800 سے زائد عمارتوں میں پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، 3 پرنٹ پریسز میں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ جاری ہے، 21 جولائی تک پرنٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا، بیلٹ پیپرز کی زیادہ تر ترسیل بذریعہ روڈ ہوگی۔
جنرل فیض پر الزامات بے بنیاد
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا جنرل فیض کا نام لینے والوں کو پتا ہی نہیں انکا کیا کام ہے، ان سے متعلق بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، جنرل فیض نے دہشت گردی کے خلاف بہت اہم کردار ادا کیا ہے، ہر چیز کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر جو کام ملک کے خلاف ہوگا وہ نظرانداز نہیں ہوگا، ایف آئی اے اس حوالے سے بہت اچھا کام کر رہی ہے۔
خلائی مخلوق سیاسی نعرہ
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملتان کے واقعے میں آئی ایس آئی کا کوئی کردار نہیں، ہم خدا کی مخلوق ہیں، وقت بتائے گا خلائی مخلوق جیسے القابات کا کیا اثر ہوسکتا ہے، خلائی مخلوق سیاسی نعرہ ہے، ہم رب کی مخلوق ہیں، عوام کیلئے ڈیوٹی کرتے رہیں گے، عوام جس کوچاہیں منتخب کریں۔ انہوں نے کہا الیکشن جیت کر عوام کے ووٹوں سے جو بھی وزیراعظم آئے گا، وہ قبول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا آرمی چیف کی تصویر پوسٹر پر آنے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا۔