نواز شریف اور مریم کی منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری

Last Updated On 11 July,2018 12:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو خط لکھ کر ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے مجرموں کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کی درخواست دی تھی۔

وفاقی حکومت نے سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کو اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ سیکرٹری داخلہ کے زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور مریم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچایا جائے گا

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کی ذمہ دار نگران صوبائی حکومت ہو گی اور وہیں سے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مجرموں کو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

امیگریشن حکام نواز شریف اور مریم کو گرفتار کر کے نیب کے حوالے کریں گے جبکہ صورتحال دیکھ کر انھیں احتساب عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ ہو گا، تاہم اگر سیکیورٹی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو جیل میں ہی جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے چیئرمین نیب کو لکھے گئے خط میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے مجرموں نواز شریف اور مریم کو اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی درخواست کی گئی تھی۔

اسی سلسلے میں آج وفاقی سیکرٹری داخلہ کے زیڑ، صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیرِاعظم کی وطن واپسی پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مجرموں کی منتقلی کیلئے نیب کو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری دی گئی۔