لاہور ائیر پورٹ پر عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ سنانا ہے، شہبازشریف

Last Updated On 11 July,2018 08:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا لاہور میں کنونشن سے خطاب، نوازشریف اور مریم کی آمد پر پورا لاہور باہر آئے گا، مفروضے کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔

لاہور میں کنونشن سے خطاب میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی آمد پر پورا لاہور شہر باہر آئے گا، مفروضے کی بنیاد پر نوازشریف اور مریم کو سزا سنا دی گئی، فیصلے کے صحفہ 171 میں جج صاحب نے لکھا کہ کرپشن کا کوئی الزام نہیں، نیب عدالتوں میں دس، دس سال سے کیسز پنڈنگ پڑے ہیں۔ جن کیسز میں اربوں کی کرپشن ہوئی ان کا کوئی فیصلہ نہیں ہوتا، احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم کو 109 مرتبہ عدالت بلایا، اگر یہ انصاف کا پیمانہ ہے تو ہم سب فیصلے کو رد کرتے ہیں۔ جمعہ کو لاہور ائیر پورٹ پر عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ سنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب میں دن رات محنت کی، منصوبوں کوشفاف طریقے سے لگایا گیا۔ ہماری حکومت نے اندھیرے دور کیے، ہزاروں میگاواٹ کے منصوبے لگائے، جن بھوت کی طرح بجلی کے منصوبوں پرکام کیا گیا۔ 2013 میں بجلی کے اندھیرے تھے ہم نے احتجاج کیا دھرنے نہیں دیے تھے۔ وقت آئے گا 25 جولائی کو دوبارہ ن لیگ کی حکومت بنے گی۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پشاورمیں میٹرو نہیں بنی عوام کی بس ہوگئی، لاہور میں ڈینگی آیا تو ہمیں ڈینگی برادران کہا جب پشاور آیا تو پہاڑوں پر چڑھ گیا۔ کیا آپ لوگوں کو ایسا وزیراعظم چاہیے؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا جائز اقدام نہیں، بلدیاتی نمائندوں کو 25 جولائی تک معطل کیا گیا ہے، 26 جولائی کو آپ سب بحال ہوں گے۔ اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعظم شہبازشریف کے نعرے لگائے۔

Advertisement