آصف زرداری، فریال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا: چیف جسٹس

Last Updated On 12 July,2018 12:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہم نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا، جو عدالت کا حکم نہیں، اُس پر شورمچا ہوا ہے۔

 سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آصف زرداری اور فریال تالپور اس کیس میں ملزم ہیں ؟ عدالت نے اس کیس میں صرف ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آصف زرداری، فریال تالپور کو الیکشن سے پہلے نہ بلایا جائے، الیکشن کے بعد کسی کیلئے کوئی استثنیٰ نہیں، ایف آئی اے دیگر تمام لوگوں سے تفتیش جاری رکھے، اسٹیٹ بینک کی بد ترین کارکردگی دیکھ کے شرم آتی ہے۔

یاد رہے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 7 افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ جن افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ان میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ چیئرمین سمٹ بینک نصیر عبداللہ لوتھا، انور مجید، طہٰرضا، اسلم رضا، عدیل شاہ راشدی شامل ہیں۔