ایون فیلڈ فلیٹس سے جیل کا سفر شروع، نواز شریف اور مریم پاکستان روانہ

Last Updated On 13 July,2018 01:41 am

لندن: (دنیا نیوز) گڈ بائے ایون فیلڈ فلیٹس، نواز شریف اور مریم ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان روانہ، نیب کی دو، دو ٹیمیں لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور مریم پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے روانہ ہوئے۔ دونوں لیگی رہنما نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 0018 سے روانہ ہوئے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق مریم اور نواز شریف ابوظہبی میں 7 گھنٹے قیام کریں گے اور جمعہ کی شام سات بجے تک لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گے۔

نواز شریف کا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جن حالات میں ہم واپس جا رہے ہیں کوئی نہیں جاتا لیکن ہم پاکستان اور عوام کے لئے وطن جا رہے ہیں، مریم بھی اپنی والدہ کو بیماری کی حالت میں چھوڑ کر جا رہی ہیں، یہ ہو سکتا تھا کہ مریم نہ جاتی لیکن ہمارا مقصد عظیم ہے، مجھے یقین ہے کہ پاکستانی قوم ہمارا ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سب ریکارڈ ہو گیا اور سب باتیں لکھی جا چکی ہیں، یہ جعلی سزائیں ہیں اور میں کسی سزا سے نہیں ڈرتا، تاریخ ثابت کرے گی کہ نواز شریف اور مریم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، ایسے ہی افراد نے 1971ء میں ملک کو دولخت کر دیا تھا۔

نواز شریف نے اپنی اہلیہ کی صحت بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے آنکھیں کھولیں لیکن مجھے پہچان نہیں رہیں۔