لیگی قیادت نے ایئرپورٹ نہ پہنچ کر اپنے قائد کو دھوکا دیا، اعتزاز احسن

Last Updated On 14 July,2018 08:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف اور مریم کی واپسی پر ناکام شو لیگی قیادت کی سازش قرار، اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا کہ شہباز شریف، شاہد خاقان اور دیگر نے ایئرپورٹ نہ پہنچ کر اپنے قائد کو دھوکا دیا ہے۔

ماہر قانون دان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف اور مریم نواز کو دھوکہ دیا۔ شہباز شریف ائیر پورٹ پہنچے نہ ہی شاہد خاقان عباسی، لیڈروں نے جان بوجھ کر خود کو غائب رکھا۔ فلائٹ سوا دو گھنٹے لیٹ ہوئی ہے اس کا فائدہ اٹھا کر ہی شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی و دیگر لیڈر پہنچ جاتے۔

خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خرم دستگیر نے بھی نواز شریف کو تن تنہا چھوڑا۔ نواز شریف اور مریم کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہوئی ہے۔ لیگی لیڈروں نے سازش کے تحت اپنے آپ کو غائب رکھا۔ یہ تو لگتا ہے تسلیاں دے کر لندن سے بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ نواز شریف کے ساتھ وہ ہوا جو جنگ پلاسی میں سراج الدولہ کے ساتھ میر جعفر نے کیا۔ اتنا دھوکہ اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا جو نواز شریف یا مریم کے ساتھ دیکھا۔

Advertisement