لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور ان کے بیٹوں نے ایئرپورٹ پر نہیں جانا تھا۔ شہباز شریف مال روڈ پر ہی ڈرامہ کرتے رہے، بلوچستان میں خاک و خون میں لت پت لوگ تڑپ رہے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماء و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ مستونگ انتخابی ریلی میں شریک بے گناہ لوگ خاک و خون میں لت پت پڑے دم توڑ رہے تھے اور لاہور میں شہباز شریف ایئر کنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے لوگوں کو قانون شکنی پر اکسا رہے تھے۔ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کو ایئرپورٹ نہیں جانا تھا اس لیے وہ نہیں گئے اور لوہاری اور مال روڈ پر ڈرامہ کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، ہم بلور اور رئیسانی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
چودھری پرویزالہٰی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے کون سا کارنامہ سر انجام دیا تھا جوعوام ان کیلئے باہر نکلتے۔ کیسا مذاق ہے کہ خود ووٹر کو عزت نہ دینے والے کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔