آرمی چیف سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی وفد کے ہمراہ ملاقات

Last Updated On 16 July,2018 07:13 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے خطے میں امن و استحکام پرمثبت اثرات ہونگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف ڈاکٹر محمد باقری کی وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، دفاعی تعاون اور پاک ایران بارڈر مینجمنٹ کے موضوعات پر بھی بات کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعاون کاخطے میں امن و استحکام پر مثبت اثرات ہونگے، آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے پاکستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت کی۔

واضح رہے کہ پاک ایران مسلح افواج کے درمیان تعلقات میں بہتری جنرل قمرجاوید باجوہ کے دورہ ایران کے بعد آئی ہے۔