نگران وزیراعظم، آرمی چیف کی پشاور آمد، ہارون بلور کی شہادت پر تعزیت

Last Updated On 12 July,2018 01:40 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے بلور ہاوس پشاور میں ہارون بلور کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کی۔

 ہارون بلور کی شہادت کے بعد دوسرے روز بھی پشاور کی فضا سوگوار ہے، تعزیت کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے جہاں وہ بلور ہاوس گئے اور ہارون بلور کی اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی وفات پر تعزیت کی۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی بلور ہاوس پہنچے، آرمی چیف نے ہارون بلور کے اہل خانہ اور غلام بلور سے ان کے بھتیجے کی شہادت پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی اور کور کمانڈر پشاور بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔

سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، جے یو آئی کے غلام علی بھی بلور ہاؤس آئے اورشہید کیلئے دعا کی۔

ہارون بلور کو منگل کی شب یکہ توت کے علاقے میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔ واقعے میں ہارون بلور سمیت 21 افراد جاں بحق اور 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔