پشاور دھماکہ: پی ٹی آئی کا ایک روزہ سوگ کا اعلان

Last Updated On 11 July,2018 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پشاور دھماکے کے خلاف ایک روزہ سوگ اور خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم روکنے کا اعلان کر دیا۔ 14 جولائی کو پشاور میں ہونے والا جلسہ بھی ملتوی کر دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پشاور میں اے این پی کی کارنر میٹنگ پر حملہ نہایت سفاکانہ اور قابل مذمت ہے۔ بلور فیملی اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، غم کی گھڑی میں بلور خاندان کیساتھ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا تحریک انصاف بلور فیملی اور اے این پی کا غم بانٹے گی، آج خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ کی جارہی ہیں، ایک روزہ سوگ کے دوران خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کا پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

یاد رہے یکہ توت میں گزشتہ شب ہونے والے دھماکے میں 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہداء میں سابق صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کے فرزند ہارون بلور بھی شامل ہیں جو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے انتخابات لڑرہے تھے۔

ہارون بلور جیسے ہی سٹیج کے قریب پہنچے خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، ہارون بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔ اس سے قبل ان کے والد بشیر احمد بلور کو بھی 2012ء میں اسی طرح کے خود کش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔