کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی بہادر قوم ہے، عوام ووٹ کی طاقت سےدہشتگردوں کوشکست دیں گے، کہیں بھی دہشت گردی کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔
کوئٹہ کے ساراوان ہاوس میں پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے نوابزادہ سراج رئیسانی کی ان کے بڑے بھائی نواب اسلم رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے دہشت گردوں کو شکست دے گی، انتخابات 25 جولائی کو ہی ہونگے، اس دوران سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کرنا انتظامیہ سمیت نگراں حکومت کی زمہ داری ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جب افغانستان اور عراق میں انتخابات ہو سکتے ہیں تو پاکستان میں بھی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں رئیسانی لشکری کے مطالبہ کا علم نہیں لیکن ہمارے منشور میں ٹرتھ کمیشن کا قیام شامل ہے، بلاول بھٹو زرداری نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا، سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔