اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی

Last Updated On 17 July,2018 10:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے امن وامان کے پیشِ نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت شہر میں کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی یا اسلحے کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں آتشبازی اور ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر پابندی ہو گی، اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹون کرشنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ وال چاکنگ پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر میں کسی بھی قسم کے پمفلٹس اور پوسٹرز لگانے اور جلسے جلوسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔