مستونگ اور پشاور دھماکے، حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی

Last Updated On 19 July,2018 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مستونگ میں خود کش حملہ ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے حافظ نواز نے کیا جبکہ ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کا تعلق ہنگو سے تھا، سہولت کاروں کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

مستونگ اور پشاور دھماکوں کے خود کش حملہ آوروں کا سرغ لگا لیا گیا ہے۔ سانحہ مستونگ کے حملہ آور حفیظ نواز کا تعلق سندھ کے شہر ٹھٹھہ سے تھا، موقع سے حملہ آور کا ہاتھ ملا جس کی مدد سے اس کی شناخت ہوئی۔ دوسری جانب ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کا تعلق ہنگو سے تھا، سہولت کاروں کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے خود کش حملہ آور کی شناخت حفیظ نواز ولد محمد نواز سے ہوئے جس کا تعلق سندھ کے شہر میرپور ساکرو ٹھٹھہ سے تھا۔ حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے اس کے والد سے بھی تصدیق ہو چکی ہے۔

اعتزاز گورایہ نے کہا کہ حملہ آور کے سہولت کار کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم فی الحال کوئی سہولت کار گرفتار نہیں کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آور کا ہاتھ ملا جس سے فنگر پرنٹ لیا گیا اور اس کی شناخت ہوئی۔

سانحہ کی تحقیقات کے لیے لاہور سے آنیوالی فرانزک لیب کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کر کے جا چکی ہے لیکن فرانزک لیب کی رپورٹ تاحال سی ٹی ڈی کو موصول نہیں ہوئی۔