اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے حلقہ این اے 54 میں تحریک انصاف کے امیدوار اسد عمر کی کارنر میٹنگ میں ہوائی فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی شب سیکٹر جی ٹین میں تحریک انصاف کی کارنر میٹنگ جاری تھی کہ قریب سے مسلم لیگ ن کی چند گاڑیاں گزریں۔
ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ن لیگ کی ریلی کو پیچھے ہی روک دیا۔ تاہم اسی دوران نامعلوم جانب سے ایک فائر کی آواز ہوئی جس کے تھوڑی دیر بعد دوسری طرف سے 4 فائر کئے گئے۔ تھانہ رمنا کے مطابق مقدمے میں کسی کو نامزد کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔