کلثوم نواز تاحال وینٹی لیٹر پر

Last Updated On 24 July,2018 08:03 pm

لندن (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ابھی تک آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔

لندن میں نمائندہ دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے حسن نواز نے بتایا کہ ان کی والدہ ابھی تک وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ ان کی حالت میں معمولی سی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلثوم نواز اب تھوڑی دیر کیلئے آنکھیں کھولتی ہیں اور پھر بند کردیتی ہیں۔

اس سے قبل 12 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں گرفتاری سے ایک دن قبل مریم نواز نے ٹویٹر پر بتایا کہ تیس دن میں پہلی بار امی نے آنکھیں کھولی ہیں تاہم یہ نہیں معلوم کہ انہوں نے ہمیں پہچانا یا نہیں جب کہ والدہ اب بھی وینٹیلیٹر پر ہیں اور بے ہوشی کی حالت میں ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے لیے گزشتہ ایک سال سے لندن میں موجود ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد سے وہ مسلسل وینٹی لیٹر پر ہیں۔

واضح رہے کہ چھ جولائی کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا، عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو مجرم قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ تینوں مجرمان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔