اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ سیکرٹری بابر یعقوب نے کہا کہ اے پی سی میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ سامنے آیا جس کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نےکہا کہ الیکشن کی شفافیت اور غیر جانبداری اس عمل سے ظاہر ہوتی ہے کہ ملک کے طو ل وعرض میں الیکشن وقت پر مقرر ہوئے، ان میں ووٹرز کی کثیر تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹر ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا۔اگر کسی امیدوار کو کسی حلقے یا پولنگ سٹیشن سے شکایت ہے تو قانون کی مطابق اس کا ازالہ کیا جائیگا، کوئی شکایت ہے تو آئین میں دیئے گئے طریقے پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام کامیاب اور ہارنے والوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے انتخابی رائے کو نہ صرف تسلیم کریں بلکہ جمہوری عمل کے لیےمثبت کردر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج میں تاخیر پر صوبائی الیکشن کمشنرز ، آر اوز اور پریذائیڈنگ آفیسرز سے وضاحت طلب کی ہے۔ بابر یعقوب نے مزید کہا کہ عام انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوئے، فافن اور یورپی مبصرین نے الیکشن کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن قرار دیا، یہ قوم کی جمہوری فتح اور اعزاز کی بات ہے۔