اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی فافن رپورٹ میں حیران کن انکشافات سامنے آگئے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے 169 حلقوں میں مسترد ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ نکلے، 62 حلقوں میں پی ٹی آئی امیدواروں کو فائدہ ہوا۔
فافن کی جاری نئی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے قومی اسمبلی کے 49 حلقوں میں مسترد ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ ہیں، صوبائی اسمبلیوں کے 120 حلقوں میں بھی صورتحال ایسی ہی ہے جہاں مسترد شدہ ووٹ جیت کے مارجن سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کے 49 حلقوں میں سے 21 میں پی ٹی آئی جبکہ 11 حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار جیتے، اسی طرح 6 حلقوں میں پی پی، تین حلقوں میں بلوچستان عوامی پارٹی اور 2 حلقوں میں جی ڈی اے کامیاب ہوئی۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ صوبائی اسمبلیوں کے 120 حلقوں میں سے 41 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔ 29 حلقوں پر ن لیگ، 13حلقوں پر پی پی، 11 پر مجلس عمل اور 6 پر جی ڈی اے فتح یاب ہوئی۔ 6 حلقوں میں بلوچستان عوامی پارٹی، 9 میں آزاد جبکہ 2 حلقوں میں ایم کیو ایم کا امیدوار کامیاب ہوا۔
فافن رپورٹ کے مطابق مسترد ووٹ کے معاملہ میں پنجاب پہلے، سندھ دوسرے، خیبرپختونخوا تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر رہا۔